سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔
علاوہ ازیں صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مزید 487 افراد کےنام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ٹی ایل پی کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 577 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فورتھ شیڈول کی فہرست کو اپ ڈیٹ کردیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے فورتھ شیڈول کی فہرست سے نام خارج کئے گئے۔
خیال رہے کہ 7 نومبر کو وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ سے منظوری کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی ذیلی شق ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو فرسٹ شیڈول سے بطور کالعدم جماعت نکال دیا تھا۔