بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

افغانستان کیخلاف میچ کیویز کیلئے کوارٹر فائنل بن گیا

محمد سمیر
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پہلا میچ سہ پہر تین بجے ابوظہبی میں کھیلا جائیگا گروپ ٹو کا یہ معرکہ جو نیوزی لینڈ اور افعانستان کے درمیان کھیلا جانا ہے سب سے اہم معرکے کی شکل اختیار کرچکا ہے نیوزی لینڈ کی ٹیم کیلئے تو یہ میچ کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اگر افغانستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو اس اہم میچ میں اپ سیٹ کرتے ہوئے شکست سے دوچار کردیا تو اس کے سیمی فائنل تک کے راستے بند ہو جائیں گے، نیوزی لینڈ کی اب تک کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو سوائے پاکستان کیخلاف میچ کے اس نے تمام میچوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رکھا ہوا ہے خاص طور پر اس کے بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کیا ہے


مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن اس وقت اپنے بہترین ردھم میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ لوئر مڈل آرڈر میں جیمز نیشام اور گیلن فلپس بھی گیند کو بائونڈری کے پار پہنچا رہے ہیں نیوزی لینڈ کی بائولنگ لائن پر اگر نظر ڈالی جائے تو اس میں ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی جیسے تجربہ کار فاسٹ بائولر شامل ہیں تاہم یہ دونوں بائولرز اب تک ٹورنامنٹ میں اپنی قابلیت کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں جبکہ سپنر سودھی اور سانٹنر ٹورنامنٹ میں وکٹیں بھی حاصل کر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی بھی نیوزی لینڈ کو آگے بڑھنے میں مدد فراہم کر رہی ہے ، کرکٹ کے ماہرین اور تجزیہ کار آج کے میچ کے حوالے سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جیت کیلئے فیورٹ قرار دے رہے ہیں اور اس کیلئے وہ افغانستان کی بھارت کیخلاف ناقص کارکردگی کو سمجھتے ہیں کیونکہ افغانستان کی ٹیم نے بھارت کیخلاف انتہائی ناقص بائولنگ و بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور ماہرین کے مطابق اب افغانستان کی ٹیم اس شکست کے بعد دبائو کا شکار ہے اور اس کیلئے ممکن نہیں کہ نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کر ڈالے ادھر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر افغانستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کر دیا تھا یہ شکوک و شہبات کو تقویت ملے گی کہ افغانستان اور بھارت کا میچ فکس تھا بہرحال دیکھنا یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آج اس اہم میچ میں افغانستان کی ٹیم کو قابو کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں


ادھر افغانستان کی ٹیم پر نظر ڈالی جائے تو اس کی کارکردگی پہلے تین میچوں میں تو شاندار رہی حتیٰ کہ پاکستان کیخلاف ناکامی کے باوجود اس کی شاندار فائٹنگ کرکٹ کو ہر جانب سے سراہا گیا مگر بھارت کیخلاف یکدم اس ٹیم کے غبارے سے ہوا نکل گئی اور اسے بری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آج کے میچ میں اگر احمد شہزاد، نجیب اللہ زردان ، حضرت اللہ زازئی اور رحمت اللہ گرباز نے اپنی قابلیت کے مطابق کرکٹ کھیلی تو بلاشبہ یہ بلے باز کیوی بائولرز کو مشکل سے دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ افغانستان کی بائولنگ لائن کا انحصار فاسٹ بائولر نوین الحق اور سپنر راشد خان کی کارکردگی پر ہے یہ دونوں بائولرز کیوی بلے بازوں کیلئے چیلنج بن سکتے ہیں ،افغانستان کیمپ پرامید ہے کہ مجیب الرحمان آج کے اس اہم میچ کیلئے مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہونگے، یہاں یہ دلچسپ بات بھی بتا دی جائے کہ آج کے میچ میں صرف افغانستان کے کرکٹ شائقین ہی اپنی ٹیم کی جیت کیلئے دعا نہیں کرینگے بلکہ دنیا بھر میں موجود بھارتی شائقین کرکٹ بھی بھگوان کے سامنے کیویز کے ہارنے کی پرتھنا کرینگے بھی کرینگے کیونکہ اگر آج کیویز افغانستان سے ہار گئے تو بھارت کے سیمی فائنل میں جیتنے کے امکانات ہیں۔

اشتہار
Back to top button