بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان کی ٹیم سپر 12 مرحلے میں کلین سویپ کیلئے پرعزم

پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا سپر 12 مرحلے کا آخری میچ سکاٹ لینڈ کی ٹیم کیخلاف کھیلے گی،شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ہونے والا یہ میچ ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر 41 واں جبکہ آج کا دوسرا میچ ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا، ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم نے چاروں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے اور آج کے میچ میں بھی ٹیم جیت کر سپر 12 مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کیلئے پرعزم ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے اب تک ٹورنامنٹ کے تمام میچوں میں بہترین بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا ہے جو اس کی جیت کی بڑی وجہ بھی ہے

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان اس وقت دھواں دھار فارم میں ہیں اور دونوں نے اس ٹورنامنٹ کے دوران کئی ریکارڈ کو اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ انفرادی ریکارڈز بھی بنائے ہیں اور دوسری ٹیموں کیلئے مشکلات بھی پیدا کی ہیں جبکہ مستقبل میں جن ٹیموں نے پاکستان کیخلاف میدان میں اترنا ہے ان کو بھی سوچنے پر مجبور کر رکھا ہے، ان دونوں کے علاوہ فخر زمان بھی بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کی نمیبیا کیخلاف میچ میں فارم میں واپسی بھی ٹیم کیلئے نیک شگون ہے محمد آصف ویسے ہی بہترین فنشر کے طور پر سامنے آچکے ہیں جبکہ شعیب ملک جیسے سینئر تجربہ کار بلے باز کی مڈل آرڈر میں موجود مخالف ٹیموں کیلئے خطرے سے کم نہیں ہے


اسی طرح اگر پاکستان کی بائولنگ لائن پر نظر ڈالی جائے تو شاہین شاہ آفریدی مخالف ٹیم کے بلے بازوں کیلئے ڈرائونا خواب بنے ہوئے ہیں ان کی ہوا میں گھومتی گیندیں اور پائوں کے انگوٹھے توڑتے یارکر خوف کی علامت کا روپ دھار چکے ہیں، ان کے ساتھ فاسٹ بائولنگ کے شعبے میں حارث رئوف نے اپنی تیز رفتار گیندوں سے ایک خوف کی فضا قائم کر رکھی ہے حسن علی گو کہ اپنی بہترین فارم میں نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیم کیلئے ان کی کارکردگی اب تک قابل ستائش ہے اور امید ہے کہ آج کے اس آخری سپر 12 میچ میں حسن علی اپنی کھوئی ہوئی فارم کو بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے پاکستان کے سپنرز شاداب اور عماد وسیم اب تک اچھی بائولنگ کرا رہے ہیں اور امید ہے کہ ان کی اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رہے گا۔پاکستان کے مقابلے میں سکاٹ لینڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ان کی کارکردگی ٹورنامنٹ میں ملی جلی ہی رہی ہے اور آج یہ ٹیم بھی اپنا اختتام بہترین انداز سے کرنے کیلئے پرامید ہے سکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن کا انحصار جارج مونسے، کائل کوٹزیر ، رچی بیئرنگٹن جیسے بلے بازوں پر ہے جبکہ مڈل آرڈر میں مائیکل لیسک سے امید کی جا رہی کہ وہ چھکے چوکوں سے ٹوٹل کو بہتر کرنے میں مدد فراہم کرینگے سکاٹ لینڈ کی بائولنگ لائن مارک واٹ، براڈلی ویل اور سفیان شریف پر انحصار کر رہی ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ یہ بائولرز پاکستان کے دھواں دھار اوپنرز کو روکنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں؟

اشتہار
Back to top button