ڈاکٹر نعمان اور شعیب اختر معاملے کا فواد چوہدری نے نوٹس لے لیا
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے اینکر کی لائیو پروگرام میں نوک جھونک کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے اس معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے جس کا پی ٹی وی کی انتظامیہ کو فی الفور تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ایم ڈی پی ٹی وی کریں گے جب کہ پی ٹی وی کے ایچ آر سمیت دیگر شعبوں کے لوگ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے تنازع کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جائے گی، اس دوران میزبان اور شعیب اختر کے درمیان آن ائیر اور آف ائیر ہونے والی گفتگو کی فوٹیج دیکھی جائیں گی جب کہ کمیٹی اپنی فائنڈنگز فواد چوہدری کو بھجوائے گی جس میں اینکر کی غلطی ثابت ہونے کی صورت میں ڈاکٹر نعمان نیاز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تحقیقاتی کمیٹی ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کو بھی بلائے گی جس میں دونوں کے مؤقف کو سنا جائے گا۔