قانون کی حکمرانی،پاکستان دنیا کے بدترین ممالک میں شامل
ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لاء کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کے حوالے سے دنیا کے 139 ملکوں میں 130ویں نمبر پر ہے۔
ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لاء انڈیکس کی رپورٹ برائے 2021 کے مطابق پاکستان 0.39 اسکور کے ساتھ بد ترین ممالک میں شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسکور کی حد صفر سے ایک تک ہے، اگر کسی ملک کا اسکور ایک ہے تو وہاں قانون کی بالادستی پر سختی سے عمل درآمد ہو تا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 0.39 اسکور کے ساتھ پاکستان کی عالمی دنیا میں رینکنگ 130 نمبر پر ہے، اس کے علاوہ پاکستان جنوبی ایشیا کے ملکوں میں بھی آخری نمبروں پر ہے۔
بنگلا دیش، بھارت، سری لنکا اور نیپال قانون کی حکمرانی میں بہتر کارکردگی کے ساتھ پاکستان سے اوپر ہیں جبکہ خطے میں پاکستان سے نیچے صرف افغانستان ہے۔
رپورٹ میں کرپشن،بنیادی حقوق، امن عامہ اور سلامتی، نگراں ضابطوں کا عدم نفاذ خراب کارکردگی کی وجوہات قرار دی گئیں ہیں۔