اسلام تلوار کے زور پر نہیں پھیلا،وزیراعظم عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو سیرتِ نبوی ﷺ کا علم ہونا چاہیئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں قومی رحمۃ للعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ قوم کے ساتھ 12 ربیع الاوّل کی خوشیاں منا رہا ہوں، ملک بھر میں جشنِ میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم بھر پور انداز سے منانے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام تلوار کے زور پر نہیں پھیلا، مدینہ میں فکری انقلاب آیا تھا، مدینہ کی ریاست کا ماڈل بنا، ساری دنیا میں پھیل گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی کمی نہیں، ہمیں بس اپنا راستہ بہتر کرنا ہے، 25 سال پہلے مثالی اسلامی فلاحی ریاست کا ویژن دیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نبیٔ پاک ﷺ نے اچھے کو اچھا اور برے کو برا سمجھا، قانون کی حکمرانی اس قوم میں ہو گی جس کے اخلاقیات بلند ہوں۔