ایون فیلڈ ریفرنس کالعدم قرار دینے کیلئے مریم نواز کی متفرق درخواست
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس کالعدم قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔
مریم نواز کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس ریفرنس میں سزا پولیٹیکل انجینئرنگ اورقانون کی سنگین خلاف ورزیوں کی کلاسک مثال ہے، سپریم کورٹ نے کیس میں تفتیش کو سپروائز کیا، ایک طرح سے اس کیس میں پورا عمل ہی کنٹرول کیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہےکہ سپریم کورٹ کا آئین میں کردار نا تفتیش کار کا ہے اور نہ ہی پراسیکیوٹر کا، شریف فیملی کے خلاف مقدمات پر اثرانداز ہونے کا ثبوت ارشد ملک کی ویڈیو بھی ہے۔
درخواست میں مزیدکہا گیا ہےکہ جج احتساب عدالت کے نوٹس میں یہ حقائق کیوں نہیں آئے وجہ انہیں ہی معلوم ہوگی۔
واضح رہےکہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی۔
سپریم کورٹ کے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔