نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ناردن نے سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹ سے ہرادیا
نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ناردن نے سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹ سے ہرادیا۔ بابر اعظم کی 105 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔ ناردن نے 201 رنز کا ہدف دو گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے 6 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگا کر 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ پر 67 رنز بنائے۔
احمد شہزاد 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد آنے والے بلے باز محمد اخلاق نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی چھٹی سنچری بنائی۔ وہ 63 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسری جانب شعیب ملک نے 21 گیندوں پر 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ ہی سینٹرل پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں پر 200 رنز بنائے۔
جواب میں ناردرن کے اوپنر ناصر نواز اور سرمد حمید 56 کے مججوعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں حیدر علی اور محمد نواز نے تیسری وکٹ پر 84 رنز کی شراکت بنائی۔
نواز 21 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، لیکن حیدر علی کریز پر ڈٹے رہے۔
حیدر نے 53 گیندوں پر 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ساتھی کھلاڑی آصف علی نے 28 رنز بنائے۔
ناردن نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے دیا گیا پہاڑ جیسا ہدف دو گیندوں قبل حاصل کرلیا۔