بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عراق کا بھی پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ

عراق نے بھی پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ انگریزی اخبار میں شائق کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اپنی دفاعی صنعت کے حوالے سے چند ہی روز میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عراق نے بھی پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے، عراق پہلا عرب اسلامی ملک ہے جو پاکستان سے جنگی طیارے خریدے گا۔

بتایا گیا ہے کہ عراق نے کافی عرصہ قبل پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 جنگی طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا، اب اس حوالے سے سنجیدہ پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ عراق کی وزارت دفاع کے وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس دورے کے دوران ہی جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق دفاعی معاہدے کے معاملات طے پائے۔

ذرائع کے مطابق عراق بھی پاکستان سے 60 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم ادا کر کے 12 جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے خریدے گا۔ یوں دفاعی صنعت کی بدولت پاکستان کو کھربوں روپے کا فائدہ حاصل ہوا ہے، ذرائع کے مطابق ارجنٹینا اور عراق کو جنگی طیاروں کی فروخت سے پاکستان کو سوا 2 کھرب روپے کا زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل ارجنٹینا نے بھی پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کیلئے فنڈز مختص کر دیے تھے۔

Back to top button