بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، فوج تعینات کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کینٹ بورڈ انتخابات میں فوج لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کینٹ بورڈ انتخابات میں فوج کی تعیناتی سے متعلق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کینٹ بورڈ انتخابات میں فوج لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

انتخابات کے دوران رینجرز ، ایف سی اور پولیس تعینات ہو گی۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے آزادانہ و شفاف انعقاد کے لئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ملک بھر سے ذیلی تنظیمیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کی جزئیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں، ماضی کے تجربے سے ثابت ہے کہ فوج کو سکیورٹی پر مامور کیے بغیر کروائے جانے والے انتخابات شکوک و شبہات کی زد میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی عدم موجودگی دھاندلی کے راستے کھلے ہیں، مقامی سیاسی کھلاڑی جعلی ووٹوں سے لے کر نتائج میں خرد برد تک انتخابات میں دھاندلی کا سہارا لے سکتے ہیں، ہماری سوچی سمجھی رائے یہی ہے کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کے لیے فوج سے معاونت حاصل کی جائے۔ امن و امان کا ماحول قائم رکھنے کیلئے فوج کے جوانوں کو پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے، موجودہ حالات میں جمہوریت کو دھاندلی اور تشدد سے پاک رکھنا اور بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے۔

خیال رہے کہ کینٹ بورڈ کے ہونے والے انتخابات میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا۔ واہ کینٹ کے دس حلقوں میں دو لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر یں گے۔ ان انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیوں میں اتنہائی تیزی دیکھنے میں آئی۔ جیت کی لگن اُمیدواروں کو ووٹرز کے دروازوں پر لے گئی جبکہ کارنر مٹنگز میں بھی تیزی آئی۔ حکومتی امیدواروں نے ایم این اے اور ایم پی ایز کے بل بوتے پر اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر بھی زور دے رکھا ہے جس سے حلقہ میں رکے ہوئے کام بھی پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔

اشتہار
Back to top button