دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس کی ایک اور نئی قسم ایم یو (MU) سامنے آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت (WHO) نے نئی قسم کو 30 اگست سے اپنی واچ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔
کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے سے متعلق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کی یہ قسم لوگوں میں ویکسی نیشن یا پچھلےانفیکشن سے پیدا ہونے والی قوت مدافعت کو نظر انداز کر سکتی ہے۔
وبائی امراض پر ڈبلیو ایچ او کے ہفتہ وار خبرنامےمیں کہا گیا ہے کہ اپنی مخصوص بناوٹ کی وجہ سے ایم یو مدافعتی نظام سے بچ نکلتا ہے، ایم یو کی پہلی بار نشاندہی کولمبیا میں جنوری 2021 میں کی گئی تھی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا کا نیا ویرینٹ ایم یو اب تک دنیا کے 39 ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے, اس وقت عالمی سطح پر اس کے کیسز کی شرح 0.1 فی صد سے بھی کم ہے تاہم کولمبیا اور ایکواڈور میں کورونا کی نئی قسم کے کیسز کی شرح بالترتیب 39 اور 13 فیصد ہے۔