صوبے بھر میں آوارہ اور پاگل کتوں کے خلاف فوری اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ڈاکٹر شاہد ملک

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شاہد ملک نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں آوارہ اور پاگل کتوں کے خلاف فوری اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ باولے کتوں کی فوری تلفی کو یقینی بنائیں تاکہ پنجاب میں ریبیز کے کیسز کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

ڈاکٹر شاہد ملک نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہزاروں افراد کو کتوں کے کاٹنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جبکہ ریبیز کے تصدیق شدہ کیسز بھی سامنے آئے ہیں، جن کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ریبیز سے ہونے والی اموات صوبائی حکومت کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان بن چکی ہیں۔ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ ایک بڑے عوامی صحت کے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ حکومتِ پنجاب فوری طور پر ایک جامع اور سخت پالیسی نافذ کرے، جس کے تحت آوارہ اور پاگل کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

Exit mobile version