پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرا ٹیسٹ ہرا کر سیریز برابر کردی
دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی 4، نعمان علی 3 اور حسن علی نے 2 وکٹ حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے
جمیکا ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے 109 رنز سے فتح سمیٹ کر ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا اختتام ایک ایک کی برابری سے کردیا۔
ٹیسٹ میچ کے پانچویں (آخری) دن پاکستان کو جیت کے لئے 9 وکٹیں درکار تھیں جبکہ ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لئے 280 رنز بنانے تھے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی 4، نعمان علی 3 اور حسن علی نے 2 وکٹ حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنانے کے بعد پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ فواد عالم نے 124 اور کپتان بابر اعظم نے 75 رنز بنائے تھے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 150 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں مزید 176 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر کے ہوم سائیڈ کو جیت کے لئے 329 رنز کا ہدف دیا تھا۔
دوسرے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے 10 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔