پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی چاہتے ہیں،سعودی وزیر خارجہ
اپنے پرجوش خیر مقدم پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں افغانستان، کشمیر، یمن پر بات چیت ہوئی
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ماحولیات کی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے، وزارتِ خارجہ آمد پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔
سعودی حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی وزیرِخارجہ کے ہمراہ ہے۔
ملاقات کے بعد وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ ہمارا دوسرا دورہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے میں مختلف موضوعات پر بات ہوئی، بہت سیر حاصل گفتگو اور دو طرفہ معاملات پر بات ہوئی، ہم معاشی تعلقات پر بہت زور دیتے ہیں۔
سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دو طرفہ معاملات میں تعاون اور کووڈ پر تعاون پر بات بھی ہوئی، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے پرجوش خیر مقدم پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں افغانستان، کشمیر، یمن پر بات چیت ہوئی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ہم نے اپنے مضبوط تعلق مزید مستحکم بنانے پر تبادلۂ خیال کیا، دورے کا بنیادی مقصد وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کا فالو اپ تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ادارہ جاتی بنیادوں پر باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہماری گفتگو کا مرکزی نقطہ معاشی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
سعودی وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے سعودی عرب کی ترقی میں کردار پر بھی بات کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ بھی کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں نرمی کے لیے کام کر رہے ہیں، سعودی عرب میں 17 لاکھ پاکستانیوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جن میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیرِخارجہ اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی شخصیات وزیرِ اعظم عمران خان، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ دورہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔