بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

افغانستان میں بدامنی پاکستان کے مفاد میں نہیں،وزیراعظم کی زلمے خلیل زاد سے گفتگو

طاقت کے زور پر حکومت مسلط کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، مذاکرات ہی افغانستان میں امن اور استحکام لا سکتے ہیں


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغانستان میں بدامنی، تنازعات اور عدم استحکام پاکستان کے مفاد میں نہیں۔وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مصالحتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان امن عمل تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے افغان عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ افغانستان میں بدامنی، تنازعات اور عدم استحکام پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے اور افغان تنازع سے پاکستان میں مہاجرین کی آمد کا خدشہ ہے، افغان تنازع میں شدت سے پاکستان کیلئے مشکلات پیداہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پر امن افغانستان سے خطے میں معاشی تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ طاقت کے زور پر حکومت مسلط کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، مذاکرات ہی افغانستان میں امن اور استحکام لا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان امن کیلئے امریکا اور دیگر متعلقہ ممالک سے رابطے میں رہے گا۔وزیراعظم نے تمام افغان اسٹیک ہولڈرز سے لچک کا مظاہرہ دکھانے پر زور دیا۔

Back to top button