بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آرمی چیف کی چینی سفیر سے ملاقات،انجینئرز و عملے کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی

پاک فوج آزمودہ دوست کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے،آئی ایس پی آر


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے داسو بس واقعے کے تناظرمیں چین کی حکومت اورعوام سےاظہارتعزیت کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں سے مکمل تعاون اور ان کی سیکیورٹی کا یقین دلایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج آزمودہ دوست کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ ہم امن کیلئے کام کرتے ہیں، ہمیں تمام دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مضبوط رہنےکی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن اور استحکام کیلئے رابطے اور تعاون کوجاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

Back to top button