بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اطلاعات سے پاک فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،فواد چوہدری کی فلم پر تمام ٹیکس ختم کرنے کی یقین دہانی

حکومت آئندہ ماہ جون میں بنائی گئی فلم پالیسی کا اعلان کرے گی۔فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ ماہ جون میں بنائی گئی فلم پالیسی کا اعلان کرے گی۔فواد چوہدری سے قبل سابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اکتوبر 2020 میں بتایا تھا کہ فلم پالیسی بنالی گئی ہے اور اس کا نفاذ مارچ 2021 تک کردیا جائے گا۔

تاہم مارچ کو دو ماہ گزر جانےکے باوجود فلم پالیسی کا اعلان نہیں کیا جا سکا تھا اور اب فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ماہ تک پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا۔فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ نئی فلم پالیسی میں فلموں پر تمام بڑے ٹیکسز ختم کردیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات و نشریات کے مطابق نئی پالیسی میں فلم اور ڈراما صنعت کو کئی فوائد دیے گئے ہیں، جن سے دونوں فیلڈز کو فائدہ ہوگا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ نئی فلم پالیسی کے سینما انڈسٹری پر دیرپہ بہترین اثرات ہوں گے۔

ان سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ فواد چوہدری سے پاک فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (پی ایف پی اے) کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین (ر) سلیم باجوہ بھی موجود تھے۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران نئی فلم پالیسی کے اعلان سمیت فلم و ڈراما انڈسٹری کو بڑے ٹیکسز سے چھوٹ دینے سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Back to top button