اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے
غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان ،برطانیہ، اسپین، جرمنی، فرانس ، آسٹریلیا، قطر و دیگر ممالک میں مظاہرے کیےگئے۔
مظاہرین کا کہناتھا کہ کئی سالوں سے خاموش رہ لیے اب فلسطینیوں کے دفاع اور ان کے لیے بولنے کا وقت آگیاہے۔
مجلس وحدت المسلمین کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں پر اسرائیلی حکومت کے مظالم کے خلاف کیا گیا۔
مظاہرے میں ایم کیوایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی بمباری کا نوٹس لے، مسلم اُمّہ بھی فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائے، اسرائیلی حکومت نے رمضان اور عید کے مقدس ایام میں فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھائے جس کی مثال نہیں ملتی۔
لندن میں فلسطین کےحق میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ فلسطینی پرچم تھامےمظاہرین Marble Arch پر جمع ہوئے اور اسرائیلی سفارتخانےکی جانب مارچ کیا۔
اسرائیل کےغزہ پرحملوں کے خلاف فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں بھی مظاہرے ہوئے، مظاہرین پرمنتشرکرنے کے لیے پولیس نے آنسوگیس کا استعمال کیا۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 بچوں سمیت 140 فلسطینی جاں بحق ہوچکےہیں جبکہ غزہ سے ہونے والے راکٹ حملوں میں 9 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔