بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی فورسز کے حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 119 ہو گئی

شہدا میں 31 بچے اور 19 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 830 تک پہنچ چکی ہے۔

پر امن رہنے کے تمام عالمی مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی محصور پٹی کے مختلف علا قوں پر فضائی حملوں اور گولہ بارود برسانے کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جمعہ کو پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے لیکن اس کے تھمنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

فلسطینی طبی حکام کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 119 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 31 بچے اور 19 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 830 تک پہنچ چکی ہے۔

کئی روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے رات گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ حماس کے راکٹس کے جواب میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور کوئی زمینی کارروائی نہیں ہورہی بلکہ فوجی اسرائیلی علاقے میں سے ہی گولہ بارود برسا رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بھی عربوں اور یہودیوں کے درمیان بھی تصادم کا سلسلہ دیکھنے میں آیا جبکہ لبنان کی جانب سے میزائل بھی فائر ہوئے۔

جمعہ کی رات غزہ میں آگ کا انتہائی بڑا گولا دیکھا گیا جس نے آسمان کو نارنجی رنگ میں بدل دیا جبکہ اسرائیل کی جانب اڑتے راکٹس بھی دیکھے گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک مختلف صورتحال کے لیے تیار ہے جس میں زمینی حملہ بھی ایک صورت ہے۔

Back to top button