پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں واپسی چاہتی، دروازے کھلے ہیں، مولانا فضل الرحمان
اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن استعفوں پر تیار نہیں ہیں
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اتحاد میں واپسی کی خواہشمند ہے اور اس کے لیے اتحاد کے دروازے کھلے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن استعفوں پر تیار نہیں ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے میرا اسمبلیوں سے حلف نا لینے کا مطالبہ نا مان کر اپنا نقصان کیا، اگر اپوزیشن ارکان کچھ عرصےحلف نا اٹھاتے تو معاملات کی نوعیت کچھ اور ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے پی ڈی ایم سے استعفے منظور نہیں کیے، پیپلز پارٹی اتحاد میں واپسی کی خواہشمند ہے، لیکن ہماری شرط پر سوچ بچار کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے لیے اتحاد میں شمولیت میں کوئی رکاوٹ نہیں، اگر پیپلز پارٹی ہمارا مؤقف تسلیم کر لے تو ہم سینیٹ میں ان کے اپوزیشن لیڈر کو تسلیم کر سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اے این پی بھی باپ سے ووٹ لینے پر پیپلز پارٹی سے ناراض ہے، اے این پی کی قیادت کو کسی دباؤ کی وجہ سے اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کرنا پڑا۔سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لیے اتحاد کے دروازے کھلے ہیں، جو ہم نے وضاحت طلب کی تھی وہ دے دیں تو معاملات آگے چل پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحاد برقرار ہے اور عید کے بعد اس کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا، پی ڈی ایم میں اب ن لیگ کی قیادت شہباز شریف کریں گے، عید کے بعد بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے، موجودہ پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی کا کوئی آپشن نہیں، انتخابی اصلاحات کے لیے ایسی قومی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے جس میں اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہو۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان اور عارف علوی کے رہنےکا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔