بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سندھ حکومت کی این اے 249میں ضمنی انتخاب ملتوی کرانے کی درخواست

سندھ حکومت نے این اے 249 کی نشست پر ہونے والے ضنی انتخاب کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے الیکشن ملتوی کردئیے جائیں، حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تین سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ اس وقت آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیر علاج ہیں، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔ محکمہ صحت سندھ کے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط کے مطابق انتخابی مہم میں دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کی آمدورفت جاری ہے، انتخابات ملتوی نہ کیے تو اموات میں اضافہ اور اسپتالوں میں جگہ کم ہونے کا خدشہ ہے۔

خط کے مطابق کسی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلہ کرے، الیکشن سرگرمیاں کورونا صورت حال کو مزید خراب کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ حکومت سندھ کا محکمہ صحت کورونا کی خراب صورت حال کا مقابلہ نہیں کرسکے گا، 29 اپریل کو ضمنی الیکشن کو کورونا لہر ٹوٹنے تک ملتوی کیا جائے۔

Back to top button