بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

این سی اوسی اقدامات نہیں کرے گا تو خود کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ این سی اوسی نے لاک ڈاؤن کے اقدامات نہیں کیے تو خود کریں گے، انٹرسٹی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی، پہلی لہر میں ٹرانسپورٹ بند کرنے کی وجہ سے محفوظ رہے تھے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری تجویز تھی کہ2 ہفتے کیلئے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کی جائے۔


یہ تجویز بھی دی تھی کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کو بھی کچھ وقت کیلئے بند کیا جائے۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران اس لیے محفوظ رہے کہ ہم نے تمام ٹرانسپورٹ بند کردی تھی۔ کراچی پورٹ کھلی رہی اور کاروبار بھی کھلے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ اگر برا تھا تو وفاق نے اس پرعمل کیوں کیا؟ میں نے کل کورونا ٹاسک فورس کی میٹنگ بلائی ہے، این سی اوسی میں لاک ڈاون کی تجویز دی، این سی اوسی اقدامات نہیں کرے گا تو خود کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے شروع میں کوئی کرفیو نہیں لگایا تھا جس کی وجہ سے وائرس پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا کسی آئی جی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں تھا اور نہ ہی اب کسی آئی جی کے ساتھ جھگڑا ہے۔ اسی طرح محکمہ صحت سندھ نے بھی بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی 4 ماہ کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ مجموعی طور پر 26 لاکھ مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی گئی۔

محکمہ صحت سندھ نے ایک سال میں 16ہزار سے زائد مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے۔ کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 98 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکلے۔ بیرون ملک سے کراچی ایئر پورٹ پہنچنے والے 11 مسافروں میں برطانوی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان مسافروں میں زیادہ تر مسافر برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے کراچی پہنچے تھے۔ کراچی ایئرپورٹ پر محکمہ صحت سندھ کی ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔

Back to top button