امریکا کا معاشی طور پر چین کو پیچھے چھوڑنے کیلئے بڑے منصوبے کا اعلان
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے امریکی معیشت کو ترقی دینے کے لیے 23 کھرب ڈالر کے ایک انفرا سٹرکچر منصوبے کا اعلان کیا ہے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے ایک بالکل نئی معیشت وجود میں آئے گی جو چین کو پیچھے چھوڑ دے گی. ریاست پینسلوینیا کے شہر پٹس برگ کے کارپینٹرز یونین ٹریننگ سینٹر میں اپنے منصوبے کے خدو خال واضح کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ یہ امریکہ میں سرمایہ کاری کا ایسا منصوبہ ہے جو کئی نسلوں میں ایک بار ہی پیش کیا جاتا ہے.
انہوں نے کہاکہ امریکہ میں بین الریاستی ہائی وے کے نظام یا خلائی پروگرام کے قیام کے بعد ایسا کوئی منصوبہ کئی دہائیوں بعد پیش کیا جا رہا ہے دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ امریکہ میں روزگار پیدا کرنے کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا وائٹ ہاؤ س کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 32 ہزار کلو میٹر طویل سڑکوں، معاشی طور پر اہمیت کے حامل 10 بڑے اور 10 ہزار چھوٹے پلوں کی تعمیر نو کی جائے گی پانی کی فراہمی کے نظام کو نئے خطوط پر استوار کیا جائے گا جب کہ بجلی کی فراہمی کے نظام، کمپیوٹر براڈ بینڈ اور ٹرانزٹ سسٹم کو بھرپور انداز سے اپ گریڈ کیا جائے گا.
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر بائیڈن مستقبل کے انفرا سٹرکچر منصوبوں کی ازسرنو تعمیر کے لیے 20 کھرب ڈالر کی رقم امریکی کارپوریشنوں سے حاصل کرنا چاہتے ہیں امریکی صدر نے اس تاریخی منصوبے کے اعلان کے لیے پٹس برگ کا انتخاب کیا ہے خیال کیا جاتا ہے کہ امریکی معیشت میں اتنی انقلابی تبدیلیاں آئیں گی، جیسی بیسویں صدی کے آغاز پر شروع کیے گئے منصوبوں سے آئی تھیں.