ایزی پیسہ کا ڈیجیٹل لین دین میں سہولت کے لئے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ معاہدہ

پاکستان کے معروف ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ادارے کو آسان اور سادہ طریقے سے ادائیگیاں وصول کرنے کے قابل بنایا جا سکے گا۔ معاہدہ پر ہیڈ آف ایزی پیسہ خرم ملک اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک نے حال ہی میں دستخط کئے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کاروباری اراکین ایزی پیسہ کے ذریعے اپنی فیس کی ادائیگیاں کر سکتے ہیں، اس طرح ڈیجیٹل لین دین کے لئے ایک نئی راہ کھلے گی۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کی بڑی تجارتی تنظیموں میں شامل ہے اور بڑے پیمانے پر اداروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) سمیت 12 ہزار سے زائد ممبران کے ساتھ پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین شروع کرنے والا پہلا ادارہ ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران رجسٹریشن، رکنیت کی تجدید، ویزا لیٹر، سرٹیفیکیٹ آف اوریجن اور تصدیقی خط کی فیس سمیت ہر طرح کے رقوم ایزی پیسہ کے ذریعے براہ راست ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ آف ایزی پیسہ، ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک خرم ملک نے کہا کہ ہماری شراکت داری پورے ملک میں اپنی رسائی کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ہے۔ ایزی پیسہ میں ہمارا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حدوں کو بڑھانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یہ افراد اور اداروں کے لئے دستیاب اور قابل رسائی ہو۔ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم اس سلسلے میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے ان کے ارکان اور پارٹنرز کیلئے ادائیگی کا ڈیجیٹل طریقہ کار تشکیل دیتے ہوئے بیک وقت اپنی رسائی کو بڑھا رہے ہیں۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب یہ ہمارا پہلا قدم ہے۔ ہم ہمیشہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدت سے ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کے خواہاں رہے ہیں۔ اب ایزی پیسہ کے تعاون سے ہمارے کسٹمرز پاکستان میں کہیں سے بھی آسانی کے ساتھ فیس ادا کرسکیں گے۔
ایزی پیسہ نے پاکستان بھر میں 1200 سے زائد اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہے جن میں ریٹیل آؤٹ لیٹس، فیول اسٹیشن، رائیڈ ہیلنگ سروسز، ریستوران، تعلیمی اداروں سمیت حکومتی ادارے اور بہت سے دیگر شامل ہیں۔ ملک میں عوام کے مابین آسان مالیاتی شمولیت کیلئے مواقع تشکیل دیتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا معروف پلیٹ فارم اپنے استحکام کو توسیع دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

Exit mobile version