استور، وزیراعظم فری سولر پینل اسکیم، ضلع سکردو میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی، 2677 درخواست دہندگان کامیاب قرار

وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کے لیے شروع کی گئی فری سولر پینل اسکیم کے تحت درخواست دہندگان میں سولر پینلز کی شفاف تقسیم کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس سکردو میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد، ڈائریکٹر پی ایم آر یو طلحہ اسد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نثار حسین، اسسٹنٹ کمشنر سکردو احسان الحق اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے بٹن دبا کر ڈیجیٹل بیلٹنگ کے عمل کا باضابطہ آغاز کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فری سولر پینل اسکیم کے پہلے مرحلے کے تحت ضلع سکردو سے سولر پینلز کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 9,301 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2,677 درخواست دہندگان ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے سولر پینلز حاصل کرنے میں کامیاب قرار پائے۔ کامیاب ہونے والوں میں 2,275 گھریلو صارفین جبکہ 402 آئی ٹی اور کاروباری صارفین شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعظم پاکستان فری سولر پینل اسکیم برائے گلگت بلتستان کے تحت ضلع سکردو کے لیے 8.2 میگاواٹ کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا، جس میں سے 6 میگاواٹ گھریلو صارفین جبکہ 2.2 میگاواٹ آئی ٹی اور کاروباری صارفین کے لیے رکھا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت سکردو میں نجی سطح پر بجلی کی پیداوار میں تقریباً 7.7 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا، جو شہر کی بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ واٹر اینڈ پاور میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں سولر پینلز کی تقسیم کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے گی، جس کے بعد تقسیم کا مرحلہ شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب درخواست دہندگان کے ناموں کی فہرست پی ایم آر یو گلگت بلتستان کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے، جہاں سے شہری اپنے نام چیک کر سکتے ہیں۔

Exit mobile version