کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت جائزہ لینے کے بعد آئی ڈی ایل انویسٹمنٹس لمیٹڈ کو فینکس ایکسپلوریشن لمیٹڈ سے جورا انرجی کارپوریشن کے حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔
یہ ٹرانسیکشن 5 مارچ 2025 کے شیئر پرچیز معاہدے کے تحت جورا انرجی کے عام حصص کی خریداری پر مشتمل ہے۔ جورا انرجی کینیڈا میں قائم ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو پاکستان میں اپنی ذیلی کمپنیوں اسپڈ انرجی اور فرنٹیئر ہولڈنگز کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں میں کام کر رہی ہے۔
سی سی پی نے اس لین دین کا فیز ون مسابقتی جائزہ کرتے ہوئے قرار دیا کہ اس سے پاکستان میں اپ اسٹریم آئل اینڈ گیس مارکیٹ میں مسابقت متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے کیونکہ خریدار کی پاکستان میں جورا انرجی میں موجودہ حصص داری کے علاوہ کوئی الگ آپریشنل سرگرمی نہیں ہے۔
کمیشن نے اس بنیاد پر کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت لین دین کی منظوری دے دی، تاہم فریقین کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ مرجر کنٹرول قوانین کے تحت پیشگی منظوری کے تقاضوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔ یہ مرجر پاکستان کے اپ اسٹریم آئل اینڈ گیس شعبے میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
