کرونا وائرس کے حوالے سے تمام امدادی رقوم سے متعلق حسابات کی پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سطح پر جانچ پڑتال ہوگی

اسلام آباد(صباح نیوز)

کرونا وائرس کے حوالے سے تمام امدادی رقوم سے متعلق حسابات کی پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سطح پر جانچ پڑتال ہوگی، کرونا وباء کے حوالے سے حکومتی مالیاتی پیکجز باہر سے آنے والے سامان کی ترسیل، استعمال، ملکی سطح پر امدادی سامان کی خریداری، ترسیل، احساس پروگرام کے ذریعے  دی جانے والی تمام رقوم کی جانچ پڑتال ہوگی۔

پی اے سی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں سے کرونا وباء کے حوالے سے امدادی رقوم اور امدادی سامان کی تقسیم کی تفصیلات جلد طلب کرسکتے ہیں جبکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو اس بارے میں ان امدادی رقوم کی تقسیم کی جانچ پڑتال کی ہدایت بھی جاری کی جائے گی۔

عیدالفطر کے بعد پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، کرونا وباء کے حوالے سے حکومتی اداروں کی کارکردگی خصوصاً مالیاتی امور کا جائز لیا جائے گا اور باہر سے آنے و الے تمام امدادی سامان سمیت  سرکاری سطح پر تقسیم ہونے والی ساری امدادی کی تفصیلات  سے آگاہی  دی جائے گی۔ اور خصوصی آڈٹ کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی جانب سے  امدادی رقوم اور امدادی سامان کی تقسیم کے ذریعے طریقہ کار پر سخت اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں۔ پارلیمنٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے نئے ادارے بنانے پر بھی اپوزیشن  تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔ اپوزیشن  جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ تمام معاملات  میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا قیام ضروری ہے اس پر پیشرفت نہ ہونے پر ان معاملات  پر پی اے سی میں بات کرنے پر مشاورت کی گئی۔

Exit mobile version