بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

موسم سرما کی تعطیلات ختم، آج تعلیمی ادارے کھل گئے

موسم سرما کی تعطیلات کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، شدید سردی کی وجہ سے سکولوں میں بچوں کی حاضری معمول سے کم رہی۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے ساتھ بچوں کی موجیں بھی ختم ہو گئیں، صوبے بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 25 دن بعد آج دوبارہ کھل گئے ہیں، پنجاب حکومت نے 18 دسمبر سے 31 دسمبر 2023ء تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعطیلات میں 9 جنوری 2024ء تک اضافہ کیا گیا۔

تعطیلات ختم ہونے کے باوجود سردی کی شدت میں کمی نہ آنے پر صوبائی حکومت کی جانب سے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے، نوٹیفکیشن کے مطابق 10 سے 22 جنوری تک تمام سکول صبح ساڑھے 9 سے دوپہر اڑھائی بجے تک کھلیں گے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے سردی سے بچنے کیلئے بچوں کو گرم ملبوسات پہننے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے سرد موسم کے باعث پرائمری سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز کے اوقات تبدیل کر دیئے۔

محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹیوں میں توسیع کے بعد پرائمری سکول 8 جنوری کے بجائے 15 جنوری کو کھلیں گے جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز صبح ساڑھے 8 کی بجائے ساڑھے 9 بجے کھلیں گے۔

مزید پڑھیے  بحریہ یونیورسٹی بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں نیول چیف نے یونیورسٹی کے تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا
Back to top button