
وزیراعظم کی آئی ٹی شعبے کی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے برآمدات کے گزشتہ برس کے ہدف، 3.8 ارب ڈالر کے حصول کی پزیرائی کی اور 30 ارب ڈالر کے ہدف کو عبور کرنے کیلئے آئندہ برسوں کے سالانہ اہداف اور درکار اقدامات پر جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم نے آج این آئی ٹی بی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹائیزیشن سے ملکی معیشت کی ترقی اور اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پورا ڈیجیٹل ایکو سسٹم اور اس کا انفراسٹرکچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این آئی ٹی بی کے بنیادی ڈھانچے کی ازسر نو تنظیم اور مارکیٹ سے بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ خوش آئند ہے کہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو آئی ٹی کے شعبے میں روزگار کے حوالے سے خود انحصار بنانے کیلئے سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
ڈیجیٹل یوتھ ہب سے ہزاروں نوجوان باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانون کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم و ہنر فراہم کرکے انہیں بین الاقوامی سطح پر مسابقت کی استعداد سے لیس کر رہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.اجلاس کو این آئی ٹی بی کی ازسر نو تنظیم پر پیش رفت اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025 میں وزارت کے اقدامات کی بدولت پاکستان کی آئی ٹی شعبے کی برآمدات نے 19 فیصد نمو کے ساتھ 3.8 ارب ڈالر کا ہدف عبور کیا جبکہ ملک میں فری لانسرز کی تعداد میں 91 فیصد اضافہ ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر تقریباً 3 لاکھ 15 ہزار طلباء و طالبات کو آئی ٹی کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی۔وزیرِاعظم نے تمام اقدامات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے اور ملکی آئی ٹی برآمدات کو آئندہ برسوں میں 30 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے بتدریج سالانہ اضافے پر مبنی اہداف کا لائحہ پیش کرنے کی ہدایت کی.















