تعلیم کا حقیقی مقصد محض کتابی علم اور امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت کو ہمہ جہت انداز میں پروان چڑھانا، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا، جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے قابل بنانا بھی ہے۔ بلاشبہ کھیل، جسمانی سرگرمیاں اور ہم نصابی مقابلے تعلیمی عمل کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ یہی سرگرمیاں طلبہ میں نظم و ضبط، برداشت، باہمی تعاون، احساسِ ذمہ داری، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔ اس حوالے سے ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل کے سرکاری تعلیمی اداروں کی جانب سے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈھمک میں منعقد ہونے والے پی ای ٹی شو اور جمناسٹک کے شاندار مقابلے ایک قابلِ تحسین اور حوصلہ افزا تعلیمی سرگرمی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپور تھل ظہیر عباس بھٹی کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والے ان سالانہ تحصیل سطح کے مقابلوں میں سرکاری ایلیمنٹری سکولوں کے طلبہ نے اپنی غیر معمولی جسمانی مہارت، بہترین تربیت، نظم و ضبط اور شاندار صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیت لیے۔ طلبہ کی خوبصورت پیشکشوں، دلکش جسمانی مشقوں اور جمناسٹک کے حیرت انگیز مظاہروں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ شرکائے تقریب نے ننھے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو خوب سراہا اور انہیں بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔
اس خوبصورت اور پروقار تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نورپور تھل شازیہ رحمان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل خوشاب ملک قیصر عباس کھارا اور سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رنگپور بگھور ملک محمد امتیاز نسیم نے نہایت خوبصورتی، خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ مہارت سے سرانجام دیے، جبکہ مقابلوں کی ججمنٹ کمیٹی میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد آصف خان نیازی، پی ای ٹی ملک محمد امیر جوئیہ اور پی ای ٹی رانا محمد منیر شامل تھے۔
یہ امر بھی قابلِ ستائش ہے کہ سالانہ تحصیل سطح کے ان مقابلوں کو کامیاب بنانے کے لیے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک علی معروف کہاوڑ، ہیڈماسٹر ملک محمد ہارون مانگٹ اور پنجاب ایجوکیٹرز یونین ضلع خوشاب کے چیئرمین ملک صاحب خان نے بھرپور محنت، دلچسپی اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ملک محمد خالد راہداری اور شہزادہ محمد علی خان، سینئر ہیڈماسٹرز ملک امتیاز حسین بوڑانہ اور ملک اللہ رکھا، جبکہ سماجی کارکن ملک نور حیات اعوان سمیت دیگر معزز شخصیات کی موجودگی نے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔
تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی اے سی شازیہ رحمان، ڈی ای او فیض الحسن ملک ،ڈپٹی ڈی ای او ملک قیصر عباس کھارا اور ایکس ڈپٹی ڈی ای او ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے اپنے خطاب میں تحصیل نورپور تھل کے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے بچے بھی صلاحیتوں، ذہانت، محنت اور جذبے کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ انہیں اگر مناسب رہنمائی، معیاری تربیت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ظہیر عباس بھٹی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی تعلیمی، جسمانی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نور پورتھل ظہیر عباس بھٹی نے اپنے خطاب میں جملہ مہمانان گرامی کی تشریف آوری پر ان کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے بچوں کی خوشی اور حوصلہ افزائی میں مزید اضافہ ہوا۔
بلاشبہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ڈھمک میں منعقدہ یہ شاندار تقریب اس حقیقت کی عکاس ہے کہ تحصیل نورپور تھل کے سرکاری تعلیمی اداروں میں نہ صرف تدریسی سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے بلکہ طلبہ کی جسمانی تربیت، کردار سازی اور ہم نصابی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی اور ان کے رفقائے کار کی یہ کاوشیں لائقِ تحسین ہیں، کیونکہ ایک کامیاب تعلیمی نظام وہی ہوتا ہے جو بچوں کو محض اچھا طالب علم ہی نہیں بلکہ ایک صحت مند، باصلاحیت، بااعتماد اور ذمہ دار شہری بھی بنائے۔
عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے بھی اس کامیاب اور مثبت تعلیمی سرگرمی کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم خوشاب کی انتظامیہ، منتظمین اور تمام معاونین کو مبارک باد پیش کی ہے۔ امید ہے کہ ایسی صحت مند اور تعمیری سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور ہمارے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر علاقے اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
