وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے، دونوں ممالک کا تعاون اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک پہنچ چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینزو 24 مشن کی کامیاب روانگی پر چین کی قیادت، سفیر اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اس مشن کے ذریعے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا شکر گزار ہے جس نے اسے اس تاریخی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس مشن کے ذریعے ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ محض ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کرتا ہے، بالخصوص ملک کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے خوابوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس مشن کو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے تک رسائی کے خواب دیکھنے کی ترغیب دے گی۔
وزیراعظم نے پاکستانی خلا بازوں کی تربیت میں تعاون پر چین کے متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا اور اس تاریخی کامیابی میں سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے چینی سفیر سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی متحرک قیادت اور دوراندیش وژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور انسانیت کے فائدے کے لیے اپنے خلائی پروگرام کو دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات اور سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے۔
