پاکستان اور چین کی دوستی ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرنے جا رہی ہے، جہاں پاکستانی خلا باز کے خلائی سفر کی تیاریاں اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ چین کے شینژو 24 خلائی مشن کی روانگی سے قبل مکمل نظام کی ریہرسل کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔
شمال مغربی چین کے سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہونے والی مشترکہ مشق کے دوران تینوں خلا بازوں نے تمام مراحل انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ مکمل کیے۔
چائنا ایسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کے ایک عہدیدار کے مطابق، تینوں خلا باز پوری مشق کے دوران پُرعزم اور یکسو رہے اور تمام آپریشنز کامیابی سے انجام دیے۔
مشن کی تیاریوں کے سلسلے میں چینی خلائی مرکز نے پاکستانی خلا باز کی سہولت کے لیے چینی اور انگریزی زبان میں آپریشنل ہدایت نامے بھی تیار کیے ہیں، جبکہ حلال خلائی خوراک کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔
تمام تربیتی مراحل مکمل ہونے کے بعد پاکستانی خلا باز شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے۔
یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان خلائی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے ایک نئے دور کی نوید ہے۔ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اب زمینی سرحدوں سے آگے خلا کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے۔
