پاکستان اور چین خلائی تحقیق اور اس کے پُرامن استعمال کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کل (بدھ) چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے، جو ملک کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہوگا۔

خلائی جہاز چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔

چینی خلا بازوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے پاکستان کا پہلا خلا باز خلا میں بھیجنے کا خواب حقیقت بنانے میں تعاون پر چینی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چین میں اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے چائنا آسٹروناٹ سینٹر کی انتظامیہ، عملے اور تربیت کاروں کی جانب سے جامع تربیت اور بھرپور معاونت فراہم کرنے کو سراہا۔

اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کا ذکر کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ انہوں نے ایک ساتھ تربیت حاصل کی اور ان کی دوستی پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی عکاس ہے، جو پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور خلا کی وسعتوں جیسی وسیع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مشن ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان اور چین خلائی تحقیق اور اس کے پُرامن استعمال کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

محمد ذیشان علی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کا اگلا مرحلہ ایک خلا باز اور ایک پرواز سے آگے بڑھ کر چاند، مریخ اور اس سے آگے متعدد مشترکہ مشنز تک وسعت اختیار کرے گا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے خلائی تحقیق اور مشترکہ سائنسی ترقی کے میدان میں تاریخ رقم کرنے پر پوری قوم اور سپارکو کے حکام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے شین ژو 24 مشن کی روانگی کے ساتھ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی جلد تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہلے بین الاقوامی عملے کے رکن کی حیثیت سے مدار میں داخل ہوں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ پاکستان اور چین کے ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

اسحاق ڈار نے خلائی جہاز میں سوار تمام خلا بازوں کے لیے کامیاب اور محفوظ مشن کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

↑
Exit mobile version