سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ (میٹا) ریجن میں کیے گئے ایک حالیہ سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ مصنوعی ذہانت صارفین کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہے، جبکہ لوگ ذاتی نوعیت کے معاملات میں بھی تیزی سے اے آئی سروسز سے مدد حاصل کر رہے ہیں۔ اس رجحان کے نتیجے میں صارفین کی پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق نئے خدشات جنم لے رہے ہیں۔
سروے کے مطابق تقریباً 79 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ اسمارٹ چیٹ بوٹس، تصاویر اور ویڈیوز بنانے والے ٹولز سمیت مختلف اے آئیسروسز استعمال کرتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے استعمال کا سب سے عام مقصد معلومات تلاش کرنا اور ان کا خلاصہ حاصل کرنا ہے، جس کی نشاندہی 74 فیصد شرکاء نے کی۔ اس کے بعد 50 فیصد افراد تحریری مواد تیار کرنے، 42 فیصد تحریری ہدایات یا پرامپٹس کے ذریعے تصاویر بنانے، 41 فیصد اپنی ذاتی تصاویر میں ترمیم یا تبدیلی کرنے، جبکہ 32 فیصد ویڈیوز تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں۔
سروے میں شامل افراد روزمرہ ضروریات اور عملی مشوروں کے لیے بھی مصنوعی ذہانت پر انحصار کر رہے ہیں۔ ان میں 37 فیصد افراد صحت سے متعلق سوالات کے لیے، 29 فیصد تفریحی سرگرمیوں، مثلاً ویک اینڈ، تعطیلات یا تقریبات کی منصوبہ بندی کے لیے، جبکہ 23 فیصد کھانے کے مینو اور غذائی منصوبے تیار کرنے کے لیے اے آئی سے مدد لیتے ہیں۔ مزید برآں، سروے میں شامل 41 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ دیگر ذاتی مسائل کے حوالے سے مشورے حاصل کرنے کے لیے بھی اے آئی کا استعمال کرتے ہیں۔
کیسپرسکی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے تبادلوں میں ذاتی معلومات شامل ہو سکتی ہیں، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے خطرات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اگر یہ معلومات افشا ہو جائیں، تیسرے فریق کے ہاتھ لگ جائیں یا سائبر مجرموں کی رسائی میں آ جائیں تو ان کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سروے کے مطابق تقریباً ہر دس میں سے ایک فرد کو پہلے ہی اے آئی کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے، جبکہ 24 فیصد افراد کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت غیر درست جوابات بھی فراہم کر سکتی ہے۔
کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ میں کنزیومر چینل کے سربراہ سیف اللہ جیدی کا کہنا ہے کہ ”صارفین کو اے آئی سروسز کی حدود اور ان سے وابستہ ممکنہ خطرات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے پلیٹ فارمز میں بھی ایسی خامیاں موجود ہو سکتی ہیں جن کے باعث ڈیٹا افشا ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ان پلیٹ فارمز کے ساتھ شیئر کی جانے والی معلومات کو متعلقہ سروس اور اس کی پالیسیوں کے مطابق پراسیس کیا جا سکتا ہے یا تیسرے فریق تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ لہٰذا صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ محفوظ ڈیجیٹل عادات اپنائیں، معلومات کی تصدیق کریں، ذاتی ڈیٹا کے استعمال میں احتیاط برتیں اور مصنوعی ذہانتسے تیار کردہ جوابات کا تنقیدی جائزہ لیں۔
کیسپرسکی کے ماہرین نے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے وقت سائبر سیکیورٹی کے خطرات کم کرنے کے لیے صارفین کو ہدایت دی کہ مصنوعی ذہانت والی سروسز کے ساتھ حساس، خفیہ یا نجی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ جعلی اے آئی سروسز اور اس کے نام پر ہونے والے فراڈ سے ہوشیار رہیں۔ فشنگ ویب پیجز، نقصان دہ سافٹ ویئر اور جعلی ویب سائٹس اکثر مستند پلیٹ فارمز کی نقل کرتے ہیں یا جعلی ٹولز کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ کاسپرسکی کے مطابق، کیسپرسکی پریمئیم جیسے جامع سیکیورٹی سلوشنز اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجیز کے ذریعے روزمرہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کے دوران صارفین کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
