پاکستان کا پہلا خلا باز چینی خلائی اسٹیشن پر جانے کے لیے تیار، تاریخی مشن میں شرکت کرے گا

پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، جہاں ایک پاکستانی خلا باز چین کے شینژو 24 (Shenzhou-24) انسان بردار خلائی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شرکت کرے گا۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق اس مشن میں پہلی مرتبہ چین اور کسی دوسرے ملک کے خلا باز مشترکہ طور پر چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے تحت خلائی پرواز کریں گے۔ اسے پاک چین خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی خلا باز مختصر مدت کے لیے خلا میں قیام کرے گا اور بعد ازاں شینژو 23 (Shenzhou-23) خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔

واضح رہے کہ فروری 2025 میں پاکستان اور چین کے درمیان اسلام آباد میں پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب اور تربیت کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا۔

تین مراحل پر مشتمل سخت انتخابی عمل اور جانچ کے بعد محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو بطور متبادل خلا باز منتخب کیا گیا تھا۔ دونوں امیدواروں نے مشن کی تیاری کے لیے چین کے خلا بازوں کے تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔

ضروری تربیت اور جائزوں کی تکمیل کے بعد دونوں میں سے ایک امیدوار خلائی مشن میں شرکت کرے گا، جبکہ دوسرا بطور بیک اپ خلا باز خدمات انجام دے گا۔

یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق اور سائنسی تعاون کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔

↑
Exit mobile version