بارش نے روایتی حریفوں کا فائنل روک دیا، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ کا فاتح قرار

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ڈھاکا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول فائنل مسلسل بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے طے شدہ قوانین کے تحت پاکستان کو چیمپئن قرار دے دیا گیا۔

پاکستان کی کامیابی کی بنیاد بہتر نیٹ رن ریٹ اور لیگ مرحلے میں بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی فتح بنی۔ گرین شرٹس نے ایونٹ کے دوران سری لنکا اور بنگلا دیش کو بھی شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی تھی۔

تاہم پاکستان کو فاتح قرار دینے کے فیصلے پر بھارتی ٹیم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعتراض اٹھا دیا۔ بھارتی ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ پاکستان کو فائنل کھیلے بغیر ٹرافی دے دی گئی۔

بھارتی ایسوسی ایشن کے مطابق سلطان شاہ نے ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دینے کی تجویز مسترد کی اور میچ ریفری پر پاکستان کے حق میں فیصلہ دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے 7 نومبر کو ہی تمام ٹیموں کو کھیل کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کر دیا تھا۔ پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 27 میں واضح تھا کہ بارش کے باعث فائنل نہ ہونے کی صورت میں بہتر نیٹ رن ریٹ رکھنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔

پاکستان کے چیمپئن بننے کے اعلان کے بعد بھارتی ٹیم نے احتجاجاً تقسیمِ انعامات کی تقریب میں شرکت نہیں کی اور رنرز اپ کی ٹرافی وصول کیے بغیر اسٹیڈیم سے روانہ ہو گئی۔

↑
Exit mobile version