صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد پر شہباز شریف نے صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری کو اپنے دورہ ترکیہ اور کانفرنس آف دی پارٹیز (COP31) کے 31ویں اجلاس میں شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

دونوں رہنماؤں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے اور ملک میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔

↑
Exit mobile version