بلوچستان کے علاقے کولپور میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک دوسرے واقعے میں دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر، ساکن چکوال، اور حوالدار محمد عدنان خان، ساکن کوٹلی ستیاں، شہید ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ مقامی ٹریفک کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر بھی گشت کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، جبکہ مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بھی اسی رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت فتنۃ الہندوستان کو مسلسل مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ جدید آلات بھی فراہم کر رہا ہے۔ تاہم سکیورٹی فورسز اس بدلتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی بھی صورت کارروائی کی آزادی نہیں دی جائے گی۔
