پاکستان اور ترکیہ نے جاری مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان آج ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے ارکان کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے دوران مسلسل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کریں۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان نے برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
