معدنیات کا شعبہ پاکستان کی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے کو پاکستان کی معیشت کے لیے ممکنہ گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شعبہ برآمدات میں اضافے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور پائیدار معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معدنیات کا شعبہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ حکومت کے لیے بھی یکساں طور پر فائدہ مند مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے ملکی معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مالیاتی خسارے اور جاری کھاتے کے مشترکہ خسارے میں کمی کے بعد یہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 2.6 فیصد تک آگیا ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 21.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ساختی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور برآمدات پر مبنی ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق کان کنی کے ایک بڑے منصوبے سے تجارتی بنیادوں پر پیداوار شروع ہونے کے بعد سالانہ 2.8 ارب ڈالر کی برآمدی آمدن متوقع ہے، جو پاکستان کی موجودہ مجموعی اشیا کی برآمدات کا تقریباً 10 فیصد بنتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت خزانہ معدنیات کے شعبے کی ترقی، مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

↑
Exit mobile version