پولینڈ کے شہر کراکوف میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک، متعدد زخمی

پولینڈ کے دوسرے بڑے شہر کراکوف کے سیاحتی مرکز میں ہفتے کے روز فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک اور تقریباً ایک درجن زخمی ہوگئے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق ایک شخص گاڑی میں سوار ہو کر شہر کے مرکزی چوک میں داخل ہوا اور وہاں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار کر قابو کرلیا، جسے بعد ازاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں اہلکار بھی شامل ہیں۔ حکام نے حملے کی وجوہات اور دیگر حالات کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر حملہ آور کے ممکنہ محرکات سامنے نہیں آسکے۔

وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر داخلہ کی جانب سے صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ وزیر انصاف والڈیمار زُوریک نے بھی بتایا کہ پراسیکیوٹرز، پولیس اور متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر کارروائی کر رہے ہیں۔

پولینڈ میں فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر پیش آتے ہیں۔ ملک میں گزشتہ اکتوبر چاقو زنی کے متعدد واقعات کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔

↑
Exit mobile version