وزیراعظم کی ٹی ڈی اے پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری، برآمدات بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور ملکی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے فیصلہ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی برآمدات میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ ٹی ڈی اے پی کی جدید کاری اس عمل کو آسان بنانے میں مدد دے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے مکمل ویلیو چین سمیت ایک جامع نظام تیار کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹی ڈی اے پی میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی بھرتیاں شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں اصلاحات اسی وقت ممکن ہیں جب ملازمین کی ترقی کو کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حصول سے منسلک کیا جائے۔

شہباز شریف نے اتھارٹی کی کارکردگی اور مالیاتی امور کے آڈٹ کے لیے ایک معتبر نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں برآمدات کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ملک کو جغرافیائی لحاظ سے بھی اہم مقام حاصل ہے۔ حکومت ملکی صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور ان صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تجارتی فروغ دینے والے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں منظوری، ڈیزائن، عملدرآمد اور آزادانہ جائزے کے مراحل شامل ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحات مکمل کرکے ان پر عملدرآمد آئندہ سال کے وسط تک یقینی بنایا جائے۔

↑
Exit mobile version