وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام پر پیش رفت اور اس کے شفاف طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے آج اسلام آباد میں پروگرام پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی سبسڈی کا یہ اقدام عوامی فلاح و بہبود کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے سے رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک پروگرام کے تحت ایک کروڑ 55 لاکھ سے زائد شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان اور 8 سو سی سی تک انجن کی گنجائش والی گاڑیوں کے 4 لاکھ 49 ہزار مالکان شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 50 ہزار سے زائد فیول سبسڈی ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 40 ہزار سے زائد ٹوکن استعمال کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔
صارفین اور پیٹرول پمپس کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے مؤثر مانیٹرنگ نظام اور ڈیش بورڈ تیار کرنے پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ، سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
