وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قانونی اصلاحات کے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے واشنگٹن میں ورلڈ بینک گروپ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ گلوبل لا، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فورم 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ فورم میں دنیا بھر سے 40 سے زائد وزرا اور اعلیٰ قانونی عہدیداروں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری قانونی اصلاحات سے متعلق وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی سے متعلق قانون سازی، ون ونڈو بزنس پورٹل اور سرمایہ کاروں کے لیے ون اسٹاپ شاپ جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ تجارتی تنازعات کے فوری حل کے لیے خصوصی کمرشل عدالتوں، ثالثی کے طریقہ کار اور نئے ثالثی ایکٹ پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور قانونی اصلاحات کے شعبے میں اپنا تجربہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہے۔
