چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کے شعبوں کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کے شعبوں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں سہولت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے ان شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کی تعریف کی، جبکہ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے تحت قرضوں کی فراہمی میں تاخیر کرنے والے بینکوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی میں بینکوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ ترجیحی شعبوں سے بھی اسی طرح تعاون کریں جس طرح حکومت اور اس کے ادارے بینکوں سے تعاون کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے، برآمدات بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ حکومت زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبوں سے وابستہ کئی صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے مالیاتی مسائل حل کرنے اور اس سلسلے میں جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور برآمد کنندگان کے ٹیکس سے متعلق مسائل مشترکہ طور پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

↑
Exit mobile version