پاکستان اور سنگاپور نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور مہارتوں کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں کثیرالجہتی عالمی فورمز پر تعاون اور آسیان کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، بالخصوص آئندہ سال سنگاپور کی آسیان کی سربراہی کے تناظر میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل اور پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
