پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صنعت، توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروباری ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل روابط اور مشترکہ کوششوں سے ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، اہم جغرافیائی محل وقوع، بندرگاہوں، معدنی دولت اور نوجوانوں کی بڑی آبادی جیسی نمایاں صلاحیتوں کا حامل ہے۔

سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے اور اہم شعبوں میں ترقیاتی کوششوں کی حمایت کے لیے سعودی عرب کی آمادگی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی اور ٹھوس نتائج کے حامل مشترکہ منصوبوں کی تیاری کے لیے تکنیکی ٹیموں کو متحرک کیا جائے گا۔

↑
Exit mobile version