کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منا رہے ہیں ، جس کا مقصد جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل قبضے اور مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج جموں و کشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیری عوام کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کے خلاف علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل کے روز یومِ سیاہ منائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے جو عالمی امن کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
عبدالرشید منہاس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں منگل کے روز مکمل شٹر ڈاؤن کی اپیل بھی کی ہے۔
