علیم خان کا موٹروے نیٹ ورک کاغان، ناران سے آگے چینی سرحد تک توسیع دینے کا اعلان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سیاحت کے فروغ اور چین کی سرحد تک تجارت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موٹروے نیٹ ورک کو کاغان اور ناران سے آگے تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔

وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کر رہے تھے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ فیصل آباد موٹروے کی توسیع پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ لودھراں ایکسپریس وے بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلے میں تقریباً 100 کلومیٹر کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے نیٹ ورک میں بہتری اور رابطوں کے فروغ سے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ کاغان اور ناران سے آگے موٹروے انفراسٹرکچر کی توسیع سے سیاحت کو فروغ دینے اور چین کی سرحد تک تجارتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

↑
Exit mobile version