وزیراعظم شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عمان کو ایک برادر ملک، اہم بحری ہمسایہ اور خطے میں قابلِ قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ملاقات کے دوران کیا، جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے تعاون کو مزید وسعت دینے اور روابط مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور عمان کے مؤقف میں ہم آہنگی کو سراہا اور تنازعات کے حل کے لیے عمان کے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی اصولی مؤقف کی تعریف کی۔

عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پاکستان میں اپنے اور اپنے وفد کے لیے کیے گئے انتظامات اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور چیلنجز کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ میڈیا تعاون، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات اور آرکائیوز کے انتظام، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سفارتی و سرکاری تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

↑
Exit mobile version